سستی شرح میں عمرہ کا لالچ، عازمین کے ذریعہ سونے کی اسمگلنگ

   

ٹراویل ایجنٹس کی چال سے معصوم شہری گمراہی کا شکار، ڈائرکٹوریٹ آف ریونیو انٹلیجنس چوکس

حیدرآباد۔5جولائی (سیاست نیوز) عمرہ مسافرین کے ذریعہ سونے کی اسمگلنگ کوئی نئی بات نہیں ہے لیکن اب جبکہ ائیرپورٹ پر سخت تنقیح کی جانے لگی ہے تو ایسی صورت میں عمرہ مسافرین کو بھی سختیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور عمرہ مسافرین خود ان مجرمانہ سرگرمیو ںمیں ملوث نہیں ہیں بلکہ انہیں ان سرگرمیو ںمیں ملوث کرنے والے مفاد پرست ٹراویل ایجنٹس ہیں جوکہ سستی قیمتوں میں ٹراویل پیاکیج کے نام پر معصوم شہریوں کو عمرہ کا لالچ دیتے ہوئے سفر مقدس کے لئے لے جاتے ہیں اور ان کی واپسی کے دوران انہیں مختلف بہانوں سے سونے کے چین اور بسکٹ وغیرہ حوالہ کردیتے ہیں اور واپسی پر ان سے یہ قیمتی دھات واپس حاصل کرتے ہوئے کروڑہا روپئے کماتے ہیں۔ اس سلسلہ میں متعدد مرتبہ توجہ دہانی کے باوجود بھی سستے داموں میں سفر مقدس کے چکر میں معصوم شہری ایسے گمراہ لٹیروں کے ہاتھ لگ جاتے ہیں جو ان کے سفر مقدس کا استحصال کرتے ہوئے ان سے لاکھوں روپئے کمانے سے بھی گریز نہیں کرتے۔ شہر کے سرکردہ ٹراویل ایجنٹس کی جانب سے متعدد مرتبہ اس جانب متوجہ کروائے جانے کے باوجود بھی شہر حیدرآباد کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں میں یہ ریاکٹ جاری ہے اورگذشتہ دنوں حیدرآباد میں 14 افراد کی بھاری مقدار میں سونے کے ساتھ گرفتاری کے بعد ڈائریکٹوریٹ آف ریوینیو انٹیلجنس کے عہدیدار متحرک ہوچکے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ شہر حیدرآباد ہی نہیں بلکہ ملک کے دیگر شہروں سے بھی عمرہ کی غرض سے روانہ ہونے والے مسافرین کی واپسی کے بعد ان کی سخت تلاشی لینے پر غور کیا جا رہاہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ڈی آر آئی کے عہدیداروں کی جانب سے اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ معصوم شہریوں اور معتمرین کو اسمگلنگ کیلئے استعمال کرنے والے اصل مجرمین تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے او راس بات کا پتہ لگایا جا رہاہے کہ اس طرح کی سرگرمیو ںمیں کون ملوث ہیں اور کس کی نگرانی میں یہ سرگرمیاں انجام دی جا رہی ہیں۔ذرائع کے بموجب شہر حیدرآباد میں معتمرین کی اتنی بڑی تعداد سونے کے ساتھ حراست میں لی گئی ہے اور اس کے ساتھ ہی ڈی آر آئی اب مقدس سفر کے لئے روانہ ہونے والوں پر بھی کڑی نظر رکھنے کا فیصلہ کرچکی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ڈی آر آئی عہدیداروں نے اس سلسلہ میں مقامی پولیس کی مدد سے سونا روانہ کرنے والوں کے علاوہ شہر میں یہ سونا وصول کرنے والوں تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اس سلسلہ میں ڈی آر آئی کو بہت جلد بڑی کامیابی حاصل ہونے کا امکان ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ اس واقعہ کے بعد حج بیت اللہ سے واپسی پر حجاج کرام کو بھی سخت تلاشی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے کیونکہ شہر حیدرآباد میں ان معتمرین کے سونے کے ساتھ پکڑے جانے کے بعد خفیہ ادارو ںکے علاوہ محکمہ پولیس اور کسٹمس متحرک ہوچکے ہیں اور اب ان ادارو ںکی جانب سے تمام مسافرین کے ساتھ یکساں رویہ اختیار کئے جانے اور ہر اطلاع پر کاروائی کرنے کا فیصلہ کیا جاچکا ہے۔