سستے علاج سے غریبوں کے سالانہ 50 ہزار کروڑ کی بچت

   

ملک بھر میں دیڑھ لاکھ ویل نیس مراکز کا قیام ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کا خطاب

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ حکومت سبھی کیلئے سستا اور قابل رسائی علاج کو یقینی بنانے پالیسیاں اور پروگرام تشکیل دے رہی ہے ۔انہوںنے ‘جن اوشدھی دوس’ کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ لوگوں کو حفظان صحت پر دھیان دینا چاہئے اور بیماریوں سے بچنے اچھی غذا اور یوگا کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے محکمہ صحت کے بجٹ میں اضافہ کیا اورہر ضلع میں میڈیکل کالج کھولے جارہے ہیں۔ ایم بی بی ایس کی 30 ہزار سیٹوں اور پی جی کی 24 ہزار نشستوں میں اضافہ کیا گیا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ ملک بھر میں ڈیڑھ لاکھ ‘ہیلتھ اینڈ ویل نیس’ مراکز کھولے جارہے ہیں تاکہ لوگوں کو گاؤں کے قریب صحت کی سہولیات میسر ہوسکیں ۔ ان مراکز پر مناسب تعداد میں ملازمین کا تقرر کیا جارہا ہے ۔ مودی نے کہا کہ ‘جن اوشدھی’ مرکز اور آیوشمان بھارت یوجنا سے غریب اور متوسط طبقے کو سالانہ پچاس ہزار کروڑ روپے کی بچت ہورہی ہے ۔ 50 کروڑ افراد نے آیوشمان یوجنا سے فائدہ اٹھایا ہے ۔ انہوں نے لوگوں سے کھانوں میں موٹے اناجوں کو شامل کرنے کی تاکید کی ۔ ملک میں موٹے اناجوں کی بھرپور روایت ہے ۔ پہلے یہ سمجھا جاتا تھا کہ یہ غریبوں کے لئے ہیں ، لیکن اب ان کی مانگ فائیو اسٹار ہوٹلوں میں بھی کی جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ طویل عرصے سے ملک میں صحت کا موضوع صرف بیماری اور علاج تک ہی محدود تھا ، لیکن ان کا خیال ہے کہ اس سے معاشرتی اور معاشی تانے بانے متاثر ہوتے ہیں۔ ان کی کوشش ہے کہ علاج میں امتیاز ختم ہو۔ عوام جتنے صحت مند ہوں گے ملک اتنا ہی قابل تر ہوگا۔مسٹر مودی نے کہا کہ دنیا میں ہندوستانی روایتی ادویات کو لوہا سمجھا جارہا ہے ۔ ‘میڈ ان انڈیا’ کی دوا اور سازوسامان کی مانگ میں اضافہ ہورہا ہے ۔ ان کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوا ہے اور لوگوں کو روزگار بھی مل رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر ملک کے 75 اضلاع میں 75 جن اوشدھی مراکز کھولے گئے ہیں ۔ انہوں نے جن اوشدھی مراکز کو غریب اور متوسط طبقے کا ساتھی قراردیا ۔