سشیل مودی بہار میں راجیہ سبھا کے امیدوار : بی جے پی

   

Ferty9 Clinic

پٹنہ؍ نئی دہلی: سابق مرکزی وزیر اور ایل جے پی لیڈر رام ولاس پاسوان کے انتقال کے بعد خالی ہوئی راجیہ سبھا سیٹ کے لئے بی جے پی نے امیدوار کا اعلان کردیا ہے۔ بی جے پی نے بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ سشیل کمار مودی کو راجیہ سبھا کا امیدوار بنایا ہے۔ یہی نہیں، راجیہ سبھا امیدوار بنائے جانے کے بعد جے ڈی یو کے ریاستی صدر وششٹھ نارائن سنگھ نے سشیل کمار مودی کو فون کرکے مبارکباد دی ہے۔ ویسے راجیہ سبھا کی اس ایک سیٹ پر الیکشن کمیشن کی تیاری مکمل ہوچکی ہے اور اس پر 14 دسمبر کو ضمنی انتخابات ہوں گے۔ واضح رہے کہ رام ولاس پاسوان بی جے پی اور جے ڈی یو کے تعاون سے 2019 ء بلامقابلہ منتخب ہوئے تھے۔ اس سیٹ کی میعاد 2 اپریل 2024 تک ہے۔ بہار سے ایوان بالا کے رکن رام ولاس پاسوان کا اسی سال 8 اکتوبر کو انتقال ہوگیا۔واضح رہے کہ اس بار نتیش کمار کے ’سرکاری ساتھی’ مانے جانے والے سشیل کمار مودی کو بہار میں این ڈی اے کی جیت کے بعد کابینہ میں جگہ نہیں ملی ہے۔ حالانکہ انہیں نائب وزیر اعلیٰ نہ بنانے پر قیاس آرائیوں کا دور شروع ہوگیا تھا۔