ریاض : چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ چین کی ثالثی میں ہونے والے سعودی عرب اور ایران کے معاہدہ سے مشرق وسطیٰ میں تناؤ کم ہوا اور مفاہمت کے لیے فضا سازگار ہوگئی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے اپنے ایرانی ہم منصب سے ٹیلی فونک گفتگو میں عالمی نیوکلیر معاہدہ کی مکمل بحالی کے لیے زور دیتے ہوئے کہا کہ نیوکلیر معاہدہ پر اتفاق اور اس کے مؤثر نفاذ سے دنیا میں جنگ کا خطرہ ختم اور امن و استحکام آئے گا۔ وانگ یی نے ایرانی وزیر خارجہ کے دورہ سعودی عرب کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین کی ثالثی میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں بہتری سے مشرق وسطیٰ میں مفاہمت کی لہر چل پڑی ہے۔ چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے مشرق وسطی میں تعمیر و ترقی میں مدد جاری رکھنے کا عہد دہراتے ہوئے کہا کہ اس خطہ کے ممالک کو جنگ کے بجائے مکالمے کو فروغ دینا چاہئے۔ اتحاد، پڑوس ممالک سے اچھے تعلقات اور دوستی کو مضبوط کیا جائے۔