سعودیہ۔ برطانیہ وزرائے خارجہ کا سوڈان کی صورتحال پرتبادلہ خیال

   

ریاض ؍ لندن : سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اوران کے برطانوی ہم منصب جیمز کلیورلی نے جمعرات کو ٹیلی فون پر بات چیت میں سوڈان میں کشیدگی کے خاتمہ پر زوردیا ہے۔ وزراء خارجہ نے سوڈان میں جنگ بندی اورتشدد میں کمی کا بھی مطالبہ کیا اور متحارب فریقوں پر زور دیا کہ وہ شہریوں کی حفاظت کریں اور انسانی بنیادپر امدادی کارروائیوں کیلئے محفوظ راستہ بنائیں۔ سوڈان کی فوج اورنیم فوجی سریع الحرکت فورسز کے درمیان اختتام ہفتہ پرلڑائی چھڑ گئی تھی۔فریقین سے اقوام متحدہ کیسیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سمیت مختلف عالمی رہ نماؤں نے جنگ بندی کا مطالبہ لیکن اس کے کے باوجود لڑائی جاری ہے۔ سوڈان کی وزارت صحت کے تخمینے کے مطابق 300 سے زیادہ افراد ہلاک اور 2600 زخمی ہوئے ہیں۔فون کال میں شہزادہ فیصل اورجیمزکلیورلی نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں کا بھی جائزہ لیا اورمشترکہ مفادات کے متعدد امور پرتعاون کے پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔