جدہ ۔ 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جب سے حکومت سعودی عرب نے خواتین پر عائد سخت پابندیوں کو کچھ نرم کیا ہے اور خواتین کو کار ڈرائیو کرنے اور اسٹیڈیم میں جاکر میاچس اور کنسرٹس دیکھنے کے علاوہ سنیما ہال کھولے جانے کی اجازت دی ہے تب سے آج تک ولیعہد محمد بن سلمان کے خواتین کے تئیں ہر ’’اصلاحی‘‘ اقدام کو سراہا جارہا ہے اور ایسے حالات میں ہندوستان نے بھی سعودی عرب میں خاتون سفارتکاروں کی تقرری کرنا شروع کی ہے۔ جدہ ایک ایسا شہر ہے جو بیرون ملک کی خاتون سفارتکاروں کا گڑھ بن چکا ہے۔ یہاں پر واقع ہندوستانی سفارتخانہ بھی اب بدلتے وقت کے ساتھ بدل رہا ہے جس کی مثال 27 سالہ حامنا مریم ہیں جنہیں جدہ میں ایک سفارتکار کے طور پر مقرر کیا گیا ہے جو تلنگانہ کیڈر آئی اے ایس آفیسر مزمل خان کی اہلیہ ہیں۔ مریم سعودی عرب میں آئی ایف ایس کیڈر کی تقرری حاصل کرنے والی پہلی خاتون ہیں۔
