سعودیہ کا مصنوعی ذہانت آپریٹنگ سسٹم متعارف کرنے کا اعلان

   

ریاض ۔27 اکتوبر (ایجنسیز) سعودی عرب کی مصنوعی ذہانت کی کمپنی ہیومین تقریباً چھ گیگا واٹ کی استعداد پر مشتمل ڈیٹا سنٹر تعمیر کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے اور اپنا نیا مصنوعی ذہانت آپریٹنگ نظام ہیومین ون متعارف کروا رہا ہے۔ یہ اعلان کمپنی کے سربراہ طارق امین نے پیر کے روز ریاض میں منعقدہ فورچون کانفرنس میں کیا۔ اس سال کے آغاز میں سعودی ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ہیومین کا آغاز کیا تھا، جو عوامی سرمایہ کاری فنڈ کی ملکیت میں ہے۔ کمپنی کا مقصد مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجیز اور اس میدان کے حل کو تیارکرنا اور ان کا انتظام کرنا ہے، ساتھ ہی وسیع تر مصنوعی ذہانت کے نظام میں سرمایہ کاری کرنا بھی اس کے اہداف میں شامل ہے۔ ہیومین جدید مصنوعی ذہانت کے ماڈل اور اپلیکشنز فراہم کرے گی، جن میں دنیا کے سرکردہ عربی زبان کے بڑے لسانی ماڈل کی تیاری بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ کمپنی اگلی نسل کے ڈیٹا مراکز اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے ڈھانچے بھی تعمیر کرے گی تاکہ اپنی مصنوعی ذہانت کی خدمات کو مضبوط بنا سکے۔