سعودیہ کا ویاٹ کی شرح پر نظرثانی کرنے کا اشارہ

   

ریاض۔ (کے این واصف )سعودی عرب نے مالی سال 2022ء کے فاضل بجٹ آنے کے فوری بعد ویاٹ پر نظر ثانی کا اشارہ دے دیا ہے۔ واضح رہے کہ ویاٹ کے 5سے 15فیصد ہونے کے بعد سے سعودی و مقیم غیر ملکی باشندے بڑا بوجھ محسوس کر رہے تھے۔ اس سلسلہ میں آج ایک امید افزا بیان سامنے آیا ہے۔سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے 2022 کی منظوری کے بعد ریاض میں پریس کانفرنس میں بتایا ہے کہ حکومت کی مالی حالت بہتر ہونے کے بعد سعودی عرب اپنی موجودہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی شرح پر نظر ثانی کرے گا۔ عرب نیوز کے مطابق جب ان سے ٹیکس کے معاملے اور سرمایہ کاروں پر اس کے اثرات کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ زکوٰۃ، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی قانون کا اطلاق کرتی ہے اور پالیسی حکومت کی طرف سے آتی ہے۔محمد الجدعان نے مزید کہا کہ اگر سرمایہ کار اپنے ٹیکس کی سطح سے ناخوش ہیں تو نظام انہیں شکایت یا اعتراض درج کرنے کا حق دیتا ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں جولائی 2020 میں الاؤنس کی لاگت کو معطل کرنے کے ایک ماہ بعد ویلیو ایڈیڈ ٹیکس میں اضافہ کیا گیا تھا۔ اس اقدام کا مقصد ریاستی مالیات کو کم کرنا تھا جو تیل کی کم قیمتوں اور کورونا کی وبا کے دوہرے اثرات سے متاثر ہو رہے تھے۔