ریاض : یکم جون ( ایجنسیز ) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ سعودی عرب، قطر کے ساتھ مل کر شام میں سرکاری ملازمین کو مالی امداد فراہم کرے گا۔ الاخباریہ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے ہفتہ کو دمشق میں شامی ہم منصب اسد الشیبانی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا، جنہوں نے دمشق پہنچنے پر شہزادہ فیصل بن فرحان اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔سعودی عرب کے اعلٰی سطح کے اقتصادی وفد جس میں وزارت خزانہ اور سرمایہ کاری کے حکام شامل ہیں، نے اپنے شامی ہم منصبوں کے ساتھ مشاورتی اجلاس کا انعقاد کیا۔اس کا مقصد شام کی معیشت کی معاونت، سرکاری اداروں کی تعمیر و ترقی کو فروغ دینا اور برادر شامی عوام کی توقعات کی تکمیل میں تعاون کرنا ہے۔اس سے قبل دونوں ملکوں نے مالیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔شہزادہ فیصل بن فرحان نے شام پر عائد اقتصادی پابندیوں کے خاتمے میں کردار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’سعودی عرب شام کی تعمیر نو اور معاشی بحالی کی راہ میں اس کے اہم سپورٹرز میں سے ایک رہے گا۔‘انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب کا ایک اعلٰی سطح کا اقتصادی وفد بھی دورے میں موجود ہے جو مختلف شعبوں میں تعاون کے پہلوؤں کو فروغ دینے کے لیے بات چیت کرے گا۔