سعودیہ کے بعد کئی ممالک اسرائیل کو تسلیم کریں گے

,

   

اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن کا دیگر مسلم ممالک کا نام بتانے سے گریز ، امریکہ کی کوششیں بھی سازگار

تل ابیب:اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب کے بعد 6 یا 7 دیگر مسلم ممالک بھی ہمارے ساتھ سفارتی اور تجارتی تعلقات بحال کرلیں گے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے کہا کہ ایسے کئی مسلم ممالک کے حکومتی اعلی حکام سے ملاقاتیں کیں جو فی الوقت تو اسرائیل کے ساتھ رسمی تعلقات رکھتے ہیں لیکن وہ جلد باضابطہ طور پر اسرائیل کو تسلیم کرلیں گے۔ وزیر خارجہ ایلی کوہن نے مزید بتایا کہ جیسے ہی سعودی عرب کی جانب سے اسرائیلی کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا جائے گا دیگر 6 یا 7 مسلم ممالک بھی اسرائیل کے ساتھ سفارتی اور تجارتی تعلقات بحال کرلیں گے۔ تاہم اسرائیلی وزیر خارجہ نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کون سے مسلم ممالک تھے جن کے رہنماوں سے ان کی ملاقاتیں ہوئی اور جو اسرائیل کو تسلیم کرنے کی ہامی بھر چکے ہیں لیکن بس سعودی عرب کے فیصلے کے منتظر ہیں۔ وزیر خارجہ ایلی کوہن نے ایک بار پھر اس دعوے کو دہرایا کہ سعودی عرب اسرائیل کو تسلیم کرنے کے فیصلے سے کچھ دوری پر ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ تقریبا طے پاگیا ہے۔ اسرائیلی وزیر خارجہ نے پرامید لہجے میں کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ امن معاہدہ کا اعلان جلد ہوجائے گا جس کا مطلب مسلم دنیا اور یہودیوں کے درمیان امن اور خطے میں تعمیر و ترقی کے دور کا اغاز ہے۔ یاد رہے کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لیے امریکہ سر توڑ کوششیں کر رہا ہے اور معاہدے کے جلد طے پانے کے دعوے بھی کرچکا ہے۔ دوسری جانب سعودی عرب نے اس حوالے سے اپنے موقف کو دہرایا ہے کہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے بغیر اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی ناممکن ہے۔ قبل ازیں امریکہ کی ہی ثالثی میں متحدہ عرب امارات، بحرین اور دیگر عرب ممالک نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی اور تجارتی تعلقات بحال کرلیے ہیں۔ واضح رہے کہ دو روز قبل اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو بھی سعودی عرب کے ساتھ جلد تعلقات کی بحالی اور مستقبل میں مسلم ممالک کے ساتھ یہودی ریاست کے امن کوریڈور کے قیام کا دعوی کرچکے ہیں۔