واشنگٹن : امریکی حکام کئی مہینوں سے دیرینہ حریف ممالک سعودی عرب اور اسرائیل کے مابین ایک تاریخی معاہدہ طے کروانے کی کوششوں میں ہیں۔ تاہم ایسے کسی ممکنہ معاہدے سے قبل سعودی عرب کے تحفظات ابھی تک دور نہیں کیے جا سکے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان معمول کے تعلقات کے قیام کے لیے جلد ہی ایک معاہدہ طے پا سکتا ہے۔ صدر بائیڈن کا یہ بیان ان کے قومی سلامتی کے مشیر کی جدہ میں سعودی حکام کے ساتھ ملاقات کے بعد سامنے آیا۔ امریکی صدر نے بائیڈن نے 2024 کے ملکی صدارتی انتخابات کے سلسلے میں اپنی انتخابی مہم کے لیے عطیات دینے والوں کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ”ممکن ہے کہ مصالحت کا عمل شاید جاری ہو۔‘‘ جو بائیڈن نے اس بارے میں مزید کوئی تفصیلات نہ بتائیں۔ امریکی حکام کئی مہینوں سے خطہ کے دیرینہ حریف ممالک سعودی عرب اور اسرائیل کے مابین ایک تاریخی معاہدہ کروانے کی کوششیں کر رہے ہیں لیکن سعودی قیادت کی جانب سے ابھی تک اس عمل کے خلاف مزاحمت کی جا رہی ہے۔