سعودی اتحادی افواج کا یمن میں فضائی حملہ

,

   

حوثی باغیوں کی جیل نشانہ، 100 سے زائد افراد کی ہلاکت کا اندیشہ

دبئی : سعودی اتحادی افواج کی جانب سے یمن میں حوثی باغیوں کی جانب سے چلائی جارہی ایک جیل کو نشانہ بناتے ہوئے فضائی حملہ کیا گیا جس میں 100 سے زائد افراد ہلاک یا زخمی ہونے کا اندیشہ ہے۔ بندرگاہی شہر حدیدہ میں یہ حملہ کیا گیا جس کے بعد میں سٹلائیٹ فوٹو کے ذریعہ میڈیا نے بھی تصدیق کی ہے۔ اس حملہ میں ایک ٹیلی کمیونکیشن سنٹر بھی متاثر ہوا جس کے ذریعہ یمن کو انٹرنیٹ کی فراہمی ہوتی ہے۔ گذشتہ ہفتہ حوثی باغیوں کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے ابوظہبی میں میزائل اور ڈرون حملہ کے بعد فوجی اتحادی افواج کی جانب سے یہ دوسری مرتبہ حملہ کیا گیا ہے۔ ریڈکراس انٹرنیشنل کمیٹی کے یمن میں موجود ترجمان بشیر عمر نے میڈیا کو اس حملہ میں ہونے والی اموات سے واقف کروایا۔ انہوں نے بتایا کہ مہلوکین کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریڈکراس کی جانب سے بعض زخمیوں کو علاج کیلئے قریبی دواخانوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ مہلوکین اور زخمیوں کی حقیقی تعداد کا علم نہیں ہوسکا۔ مقامی عوام نے بتایا کہ ڈاکٹروں کے مطابق زخمیوں کی تعداد 200 کے قریب ہے۔