سعودی اتحاد کی غلطی ، 12یمنی فوجی ہلاک

   

صنعا: سعودی اتحادی فوج کی جانب سے فضائی حملے میں غلطی کے باعث یمنی حکومت کے حمایت یافتہ 12فوجی ہلاک ہوگئے۔ یمنی ذرائع ابلاغ کے مطابق فضائی حملے میں ایک کیمپ کو نشانہ بنایا گیا۔ مقامی حکام نے بتایا کہ حملہ شبوہ صوبے میں ہوا ، جس میں کم از کم 8 یمنی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب سے یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی اتحادی سعودی عرب نے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔یمنی حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے بعد استفسار کرنے کے لیے اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی کو کئی فون کال کی گئیں اور پیغامات بھی ارسال کیے گئے ، لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ 2مقامی باشندوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ حملے کے مقام پر کئی نعشیں جل گئیں اور 3 فوجی گاڑیاںتباہ ہوگئیں۔ تباہ ہونے والے سامان میں خودکار رائفلیں بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ چند ماہ کے دوران وسطی شہر ما?رب اور ساحلی شہر حدیدہ کے ارد گرد حوثیوں اور یمنی حکومتی فورسز کے درمیان لڑائی میں اضافہ ہوا ہے۔عرب اتحاد نے حالیہ ہفتوں میں صنعا اور یمن میں باغیوں کے زیر قبضہ دیگر علاقوں پر اپنے فضائی حملوں میں بھی اضافہ کیا ہے۔ ادھر عرب اتحاد کی فضائیہ نے ہفتے کے روز مآرب کے جنوبی محاذوں میں حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں پر شدید بمباری کی،جس میں مشرقی بلق خصوصی ہدف تھا۔کارروائیوں میں باغی ملیشیا کے کئی جنگجو ہلاک وزخمی ہوئے ،جب کہ ان کے زیر استعمال فوجی گاڑیاں اور دیگر ساز وسامان تباہ ہوگیا۔