ریاض: سعودی عرب میں ایک ریٹائرڈ استاد نے آٹھ ماہ میں قرآن کریم کی کتابت مکمل کر لی ہے۔ میڈیاکے مطابق سعودی ٹیچر خالد الزہرانی دو برس قبل ریٹائر ہوئے تھے۔ ریٹائر ہونے کے بعد ان کے ذہن میں خیال آیا کہ خطاطی کے ہنر سے فائدہ اٹھائیں۔ الزہرانی نے کہا کہ ’ریٹائرمنٹ کے بعد قرآن پاک کی کتابت شروع کی۔ روزانہ دو صفحے لکھنے کا اہتمام کیا اور بالاخر آٹھ ماہ میں کتابت مکمل کر لی۔‘ان کا کہنا ہے کہ ’جب قرآن پاک کی کتابت کا آغاز کیا تو شروع میں انہیں کتابت کرتے ہوئے خوف محسوس ہوا۔ اسی دوران کمپیوٹر کے رسم الخط سے ملتے جلتے رسم الخط میں کتابت اپنائی۔‘’عربی رسم الخط میں متعدد تربیتی کورس کیے ہوئے ہیں۔ اس لیے ریٹائرمنٹ کے بعد مکمل قرآن پاک اپنے ہاتھ سے تحریر کیا۔ اس کا مقصد یہ بھی تھا کہ فارغ وقت بامقصد مصروفیت میں گزر جائے۔‘سعودی ٹیچر کا کہنا تھا کہ ’حال ہی میں قرآن پاک کے ایک اور نسخے کی کتابت شروع کی ہے یہ تیار کردہ نسخے سے مختلف ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے مثبت تبصرے کیے۔ جس سے میری حوصلہ افزائی ہوئی۔‘