سعودی اسٹاک مارکیٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاری 241 ارب ریال کی تاریخی سطح پر

   

ریاض : سعودی عرب میں رواں سال مارچ کے اختتام پر اسٹاک مارکیٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی قیمت 241.5 ارب ریال ریکارڈ کی گئی۔ یہ تاریخی لحاظ سے اعلی ترین سطح ہے۔ اس طرح مذکورہ مدت کے اختتام پر مارکیٹ کی مجموعی مالیت 96.30 کھرب ریال میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا تناسب 2.51% رہا۔رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران سعودی اسٹاک مارکیٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے خریداری کا خالص حجم تقریبا 5.8 ارب ریال رہا۔ اس کے مقابل 2020ء میں اسی عرصے میں خریداری کا حجم 1.1 ارب ریال تھا۔ اس طرح غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے خریداری میں 444% کا اضافہ ہوا۔سعودی اخبار الاقتصادیہ کے مطابق رواں سال پہلی سہ ماہی کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں نے مجموعی طور پر 43.6 ارب ریال کی خریداری کی اور 37.9 ارب ریال کے شیئرز فروخت کیے۔ گذشتہ ماہ مارچ میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 3.5 ارب ریال کی خالص خریداری کی۔ یہ جون 2020ء کے بعد نو ماہ کے دوران کسی ایک ماہ میں خریداری کی بلند ترین سطح ہے۔ جون 2020ء میں یہ حجم 4.9 ارب ریال رہا تھا۔