سعودی اور فرانسیسی کردار نے دو ریاستی حل کا جمود توڑ دیا: عبد العاطی

   

ریاض۔30 جولائی ۔ ( ایجنسیز ) مصری وزیر خارجہ بدر عبد العاطی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور فرانس کے کردار نے دو ریاستی حل پر عمل درآمد کے معاملے میں جمود کو متحرک کیا ہے۔ انھوں نے یہ بات چہارشنبہ کے روز ’’العربیہ‘‘ اور ’’الحدث‘‘ سے خصوصی گفتگو میں کہی۔مصری وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی سرپرستی میں نیویارک میں منعقدہ ’’دو ریاستی حل‘‘ کانفرنس میں شرکت کے موقع پر زور دیا کہ اسرائیل کو سکیورٹی صرف دو ریاستی حل کے ذریعے ہی مل سکتی ہے۔ بدر نے اسرائیل پر الزام عائد کیا کہ وہ خوراک کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔ انھوں نے غزہ میں قحط کو ’’ناقابل تصور‘‘ قرار دیا۔غزہ میں جنگ بندی کے حصول کی کوششوں کے حوالے سے عبد العاطی نے واضح کیا کہ مصر غزہ میں فائر بندی کے مذاکرات کی کامیابی کے لیے پوری قوت سے دباؤ ڈال رہا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ قاہرہ امریکہ اور قطر سے روزانہ رابطے میں ہے۔مصری وزیر خارجہ نے بتایا کہ قاہرہ کے پاس جنگ بندی کے بعد غزہ میں سکیورٹی انتظامات اور حکمرانی سے متعلق ایک واضح منصوبہ موجود ہے۔عبد العاطی نے اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ مصر سیکورٹی کے فرائض سنبھالنے کے لیے سیکڑوں فلسطینیوں کو تربیت دے رہا ہے۔دو ریاستی حل کانفرنس کے شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ فلسطینی اسرائیلی تنازع کا خاتمہ دو ریاستی حل کی بنیاد پر ہونا چاہیے، جیسا کہ کانفرنس کے اختتام پر جاری کردہ بیان میں کہا گیا۔ بیان میں زور دیا گیا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا جائے اور اسے اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دی جائے۔بیان میں کہا گیا کہ خطے کی اقوام اور ریاستوں کے درمیان معمول کے تعلقات اور پُر امن بقائے باہمی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک غزہ میں جنگ کا خاتمہ، تمام یرغمالیوں کی رہائی، قبضے کا خاتمہ، تشدد اور دہشت گردی کو ترک کرنا، ایک خود مختار جمہوری فلسطینی ریاست کا قیام، تمام عرب علاقوں سے قبضے کا خاتمہ اور اسرائیل و فلسطین کے لیے مؤثر سکیورٹی ضمانتیں فراہم نہ کی جائیں۔
شیمپین اور شراب کو نئے محصولات سے مستثنیٰ قرار دینے فرانس کا زور
پیرس۔30 جولائی ۔ ( یو این آئی ) فرانس نے زور دیا ہے کہ امریکہ شیمپین اور وائن سمیت دیگر الکحل والے مشروبات پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے لگائے گئے درآمدی ٹیرف (محصولات) سے چھوٹ دے ۔ اتوار کو یورپی یونین اور امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدے کے بعد برسلز اور پیرس میں اس بات پر تذبذب پیدا ہو گیا ہے کہ کن مصنوعات کو امریکہ کی طرف سے لگائے گئے 15 فیصد درآمدی ٹیرف سے استثنی حاصل ہوگا۔امریکی حکام نے مبینہ طور پر کہا ہے کہ شیمپین، وائن اور اسپرٹس پر کوئی چھوٹ نہیں دی جائے گی۔ فرانس، یورپی یونین سے باہر کے ممالک کو شراب کا سب سے بڑا برآمد کنندہ ہے اور تقریباً ایک تہائی فرانسیسی شراب امریکہ کو برآمد کی جاتی ہے ۔ فرانس کے وزیرِ خارجہ برائے تجارت، لوراں سینٹ مارٹن نے تجویز دی ہے کہ فرانس کوگنیک اور دیگر سخت الکحل والے مشروبات کو امریکی محصولات سے چھوٹ دلوانے کے قریب ہے ۔
فنانشل ٹائمز نے سینٹ مارٹن کے حوالے سے کہا،‘‘ہمیں سمجھ میں آ رہا ہے کہ اسپرٹس کو واقعی چھوٹ دی گئی ہے ۔’’ فرانس کی اس خواہش کی اٹلی نے بھی حمایت کی ہے ، جو یورپی یونین میں شراب کا دوسرا سب سے بڑا برآمد کنندہ ہے ۔واضح رہے کہ یورپی کمیشن کی صدر اُرسولا وان ڈیر لیئن اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے درمیان 27 جولائی کو ایک معاہدہ ہوا، جس کے تحت امریکہ، یورپی یونین کی بیشتر برآمدات پر 15 فیصد ٹیرف عائد کرے گا۔ اس کے بدلے میں یورپی یونین نے 750 ارب ڈالر مالیت کے امریکی توانائی کے مصنوعات خریدنے کا وعدہ کیا ہے ۔

ایران سے 18 لاکھ افغان مہاجرین وطن واپس
کابل ۔30 جولائی ۔ ( یو این آئی ) افغانستان کے تقریباً 18 لاکھ مہاجرین گزشتہ تین مہینوں میں ایران سے اپنے ملک واپس جاچکے ہیں۔افغانستان کی وزارت برائے مہاجرین اور وطن واپسی نے یہ اطلاع دی۔وزارت کے نائب وزیر مولوی عبدالرحمن رشید نے کہا کہ اس کے علاوہ گزشتہ چار ماہ میں پاکستان سے 184459 اور ترکی سے 5134 مہاجرین واپس آئے ہیں۔ اس وقت تقریباً 60 لاکھ افغان مہاجرین بیرون ملک مقیم ہیں اور 25 لاکھ اندرون ملک بے گھر ہیں۔ واپس آنے والوں اور بے گھر ہونے والے خاندانوں کو امداد فراہم کرنے کیلئے ، وزارت نے گزشتہ سال ملکی اور بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ 125مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں، جن کی کل مالیت 7.8 کروڑ امریکی ڈالر سے زیادہ ہے ۔

افغانستان کی عبوری حکومت نے افغان مہاجرین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ وطن واپس آکر ملک کی تعمیر نو میں اپنا حصہ ڈالیں۔