سعودی اور ہالی ووڈ میں فلموں کی شوٹنگ کیلئے معاہدہ

   

ریاض: ایک نئی امریکی فلم
Cherry
کی شوٹنگ کا کچھ حصہ سعودی عرب کے ضلع العُلا اور دارالحکومت ریاض میں فلمایا گیا۔ یہ مملکت میں ہالی ووڈ کی کسی فلم کی شوٹنگ کا پہلا تجربہ تھا۔ العُلا رائل کمیشن کے زیر انتظام ”العُلا فلم” مینجمنٹ کی جانب سے العُلا ضلع میں مزید سعودی اور بین الاقوامی فلموں کی شوٹنگ کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں فلم پروڈکشن کے واسطے مطلوب تمام سہولیات اور لوجسٹک سپورٹ فراہم کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔سعودی عرب میں سیاحتی ویزوں کے اجرا کے بعد سے سینیما اور ٹی وی پروڈکشن کمپنیوں کی جانب سے مملکت میں شوٹنگ کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کمپنیوں کی ایک بڑی تعداد نے العُلا اور مملکت کے دیگر کئی علاقوں کا دورہ کیا ہے تا کہ شوٹنگ کے لیے مختلف مقامات کو دریافت کیا جا سکے۔ادھر ”العُلا فلم” مینجمنٹ نے انکشاف کیا ہے کہ اس نے ضلع میں دوسری امریکی فلم کی شوٹنگ کے سمجھوتے پر دستخط کیے ہیں۔ اس فلم میں ہالی ووڈ کے چوٹی کے اداکار کام کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں دو سعودی فلموں بین الرمال اور نورہکی شوٹنگ کیلئے بھی سمجھوتے طے پا گئے ہیں۔ متعلقہ حکام العُلا کو سعودی اور عالمی فلموں کیلئے شوٹنگ کا ایک بہترین مقام بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔