سعودی بحریہ میں جدید ترین ہیلی کاپٹر شامل

   


ریاض ۔ سعودی شاہی بحریہ میں جدید ترین جنگی ہیلی کاپٹرایم ایچ 60 آر کی شمولیت کی تقریب منعقد کی گئی۔ شاہی بحریہ کے کمانڈر لیفٹینٹ جنرل فہد عبداللہ الغفیلی نے نئے جنگی ہیلی کاپٹرکا جائزہ لیا۔ سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق جبیل نیول ایر بیس پر ہیلی کاپٹر کی افتتاحی تقریب کے موقع پر امریکی سنٹرل کمانڈ کے پانچویں بیڑے کے مشترکہ کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سیموائل پیپارو بھی موجود تھے۔ سعودی نیول کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل الغفیلی نے شاہی بحری بیڑے میں نئے شامل ہونے والے جدید جنگی ہیلی کاپٹرکا جائزہ لینے کے بعد مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے سعودی بحریہ میں بہترین اضافہ قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ یہ ہیلی کاپٹر ظاہر اور پوشیدہ اہداف کو بھی نشانہ بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ ہیلی کاپٹر کے شاہی بحری بیڑے میں شامل ہونے سے بحریہ کی طاقت میں اضافہ ہوگا جس سے سمندری امن کو برقرار رکھنے میں بھی کافی مدد ملے گی۔