حیدرآباد:17 نومبر(سیاست نیوز)سعودی عرب میں عمرہ کیلئے گئے ایک خاندان کے 18 ارکان جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، سڑک حادثہ میں جاں بحق ہوگئے۔ قریبی رشتہ داروں اور سرکاری ذرائع نے المناک حادثے کی توثیق کی ۔ تفصیلات کے مطابق، رام نگر (مشیرآباد) کے ساکن شیخ نصیرالدین( ریٹائرڈ ریلوے ملازم ) اور اہلیہ اختر بیگم دو بیٹیوں، ایک بیٹے اور بہو کے ہمراہ عمرہ کیلئے گئے تھے۔ ۔نصیرالدین کے رشتہ دار نعیم نے بتایا کہ جملہ 18 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، یہ سب ایک ہی گھرسے ہیں، ہم اس وقت نامپلی حج ہاؤس میں ہیں اور تفصیلات حاصل کر رہے ہیں۔ میری اہلیہ کے قریبی رشتہ داروں میں مرحوم نصیرالدین ان کے چچا زاد ہیں اور اختر بیگم ان کی خالہ ہیں۔ رشتہ داروں کے مطابق، نصیرالدین کا ایک بیٹا شہر میں ہی تھا جبکہ ان کی اہلیہ بھی گروپ کے ساتھ عمرہ کیلئے گئی تھیں۔ خاندان کے دیگر افراد میں مریم فاطمہ، سہیل زین الدین، عمیزہ، محرش، محمد، ریداتزین، عزیر الدین ، اختر بیگم ، انیس فاطمہ ، امینہ بیگم ، حظیفہ جعفر ، رضوانہ بیگم ، صلاح الدین ، فرحانہ سلطانہ، تسنیہ تحرین اور ثناء شامل ہیں۔حادثہمیں مغل نگر (لنگر حوض) کے ساکن ایک اور خاندان کے افراد جاں بحق ہوئے جن میں صبیحہ بیگم، ان کے بیٹے عرفان احمد، بہو حمیرا نازنین اور دو ننھے بچے، احمد اور اذعان احمد شامل ہیں۔ایک خاندان کے 18 افراد سعودی بس حادثہ میں جاں بحق ہونے کی اطلاع پر ودیا نگر نلہ کنٹہ مشیرآباد میں غم کی لہر دوڑ گئی اور متوفی خاندان کو پرسہ دینے کئی مقامی افراد پہنچے۔ سانحہ میں جاں بحق افراد کے ایک رشتہ دار محمد احمد نے بتایاکہ صبیحہ خالہ اور ان کا خاندان عمرہ کے سفر سے قبل ہمارے گھر آئے تھے۔ سب بے حد خوش تھے۔ ہم نے مل کر رات کا کھانا کھایا۔ یہ یقین کرنا مشکل ہے کہ آج وہ سب ہم میں نہیں رہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین سید غلام افضل بیابانی نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرکے ہوئے کہا کہ کمیٹی کا نجی ٹور آپریٹروں پر کوئی اختیار نہیں ہے، تاہم زخمیوں اور متوفین کے اہلِ خانہ کو ہر ممکن مدد اور معلومات فراہم کی جارہی ہے۔