واشنگٹن ۔ 9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں سعودی عرب کی سفیر شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان نے سفارتی اسناد تقرر وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو پیش کیں۔شہزادی ریما نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ’’میں نے عزت مآب امریکی صدر کو واشنگٹن میں بطور سعودی سفیر اپنی سفارتی اسناد تقرر پیش کیں۔ اس موقع پر میں نے خادم الحرمین الشریفین اور مملکت کے ولی عہد کی جانب سے امریکی صدر اور عوام کو نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا‘‘۔سعودی خاتون سفیر نے مزید کہا کہ ’’میں قومی مفادات اور ہم وطنوں کی خدمت کے لیے اور دونوں ملکوں کے درمیان تزویراتی تعلقات مضبوط بنانے کے واسطے تمام تر کوششیں بروئے کار لاؤں گی‘‘۔شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان امریکہ میں سعودی سفیر کے طور پر کام شروع کرنے کے لیے گذشتہ ہفتے واشنگٹن پہنچی تھیں۔واشنگٹن میں سعودی سفارت خانے کے سرکاری ترجمان فہد ناظر نے جمعرات کے روز ایک بیان میں بتایا تھا کہ خاتون سفیر نے امریکی وزارت خارجہ کو اپنی سفارتی اسناد کی نقل پیش کر دی ہے۔