سعودی خاتون فٹبال ٹیم میں چمپئن بننے کی صلاحیت :مرام

   

ریاض ۔ فٹبال کے کھیل کے میدان میں سعودی عرب کی مرد ٹیم کے ساتھ خواتین ٹیم بھی تیار ہو رہی ہے۔ سعودی فٹ بال ٹیم کی کوچ اورکپتان مرام البتیری نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ سعودی خواتین کی ٹیم کی چمپئن شپ جیتنے کے لیے پرعزم ہیں۔مرام نے کوچنگ میں شروعات کی کہانی بیان کرتے ہوئے کہا کہ میں نے بچوں کے فٹبال کے لیے کوچ کی حیثیت سے 2016 میں کام کرنا شروع کیا تھا۔ میں نے اس تجربے سے گذرتے ہوئے بچوں کے ساتھ اپنی تربیت کی مہارت کو بہتر بنانے کی کوشش کی یہاں تک کہ مجھے بین الاقوامی سطح کا کوچنگ کا لائسنس مل گیا۔ شعلہ الشرقیہ کلب میں لڑکیوں کی کوچنگ شروع کی۔ یہ کلب 2006 قائم کیا گیا تھا۔ ابھی تک میں اسی کلب کے ساتھ ہوں اور باقاعدگی کے ساتھ کوچنگ کی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہوں۔فٹ بال کی ٹریننگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کپتان البتیری نے کہا کہ میں ایک ایسے خاندان میں پروان چڑھی ہوں جو فٹ بال سے محبت کرتاہے۔ میرے خاندان نے فٹ بال کھیلنے اور اس کی کوچنگ پر کبھی اعتراض نہیں کیا۔ فٹ بال کا شوق اس حد تک بڑھا کہ میں نے فیصلہ کیا کہ میں خود کو اس کام کے لیے وقف کردوں۔انہوں نے کھیلوں کے کاموں میں اپنی کوششوں کے بارے میں بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ شعلہ شرقیہ کلب کو ترقی دینے اور اس کے اندرونی ادارہ جاتی کام کو مستحکم کرنے کے لیے ذاتی کوششوں سے ہٹ کر پیشہ ورانہ کھیلوں کے ماحول کی بہتری کے لیے بھی اقدامات کیے۔ اس سے قبل وہ متحدہ عرب امارات ، فرانس ، بحرین اور دیگر ممالک میں متعدد بین الاقوامی ٹورنمنٹس میں حصہ لے چکی ہیں اور یہ کہ وہ سعودی عرب میں ویمن لیگ چمپین شپ کا پہلا مقابلہ جیتنے کے لیے اپنی ٹیم کے ساتھ کوشاں ہیں اور یہ ان کی پہلی خواہش ہے۔