سعودی خاندان نے 100 سال تک نوادرات جمع کرکے میوزیم بنادیا

,

   

ریاض ۔ یکم ؍ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کہاوت مشہور ہیکہ قطرہ قطرہ سے دریا بنتا ہے اور دریاؤں کے سنگم سے سمندر وجود میں آتا ہے۔ اس کہاوت کے مصداق ایک سعودی خاندان کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہوا ہے جس نے 100 برس کی محنت و دلچسپی سے نوادرات جمع کرکے شاندار عجائب گھر قائم کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق عجائب گھر کا نام ’’متحاف الراشد‘‘ رکھا گیا ہے۔ اس کے مالک خالد عبداللہ الراشید نے کہا کہ 100 سال سے زائد عرصہ سے ہمارے خاندان کے افراد سعودی صوبہ الخصیم کے معروف شہر عنیزہ میں نوادرات جمع کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوادرات جمع کرنا ہمارا خاندانی شوق ہے اور آج تک ہم اس سے وفاداری نبھا رہے ہیں۔ خالد عبداللہ الراشد نے مزید کہا کہ جب ان کے گھر 15000 سے زائد نوادرات جمع ہوگئے تھے تو خاندان کو فکر ہوگئی تھی کہ اب یہ گھر ناکافی معلوم ہونے لگا ہے۔ سامان کے رکھنے اور ارکان خاندان کے رہنے کیلئے یہ ناکافی تھا چنانچہ 1998ء میں ہم نے عجائب گھر قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔ خالد الراشد نے کہا کہ ان کے خاندان کے بزرگوں اور دیگر ارکان نے ایک صدی کے دوران استعمال کئے جانے والے زرعی اوزار، بندوقیں، مختلف انواع و اقسام کے ہتھیار جمع کرلئے تھے۔