سعودی خواتین کو فوج میں شمولیت کی اجازت

   

Ferty9 Clinic

ریاض ۔ 10 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ خواتین شہری بھی فوج میں شمولیت کیلئے درخواست دے سکتی ہیں۔سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان کے اقتصادی اور سماجی ویژن کے تحت خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔سعودی وزارتِ خارجہ نے ایک ٹوئٹ میں ان بھرتیوں کا اعلان کیا ہے۔ جس کے تحت خواتین سعودی رائل آرمی، رائل ایئر فورس، نیوی، ایئر ڈیفنس اور فوج کے شعبہ میڈیکل میں سپاہی، کارپورل، ڈپٹی سارجنٹ اور سارجنٹ کی آسامیوں کیلئے درخواستیں دے سکتی ہیں۔واضح رہیکہ سعودی عرب کی فوج یمن میں حوثی باغیوں کیخلاف جنگ لڑ رہی ہے جبکہ اس کے ایران کے ساتھ تعلقات بھی کشیدہ ہیں۔گزشتہ سال سعودی خواتین کو وزارتِ داخلہ کے تحت کام کرنے والے ادارے انسداد منشیات، کرمنل انویسٹی گیشن، کسٹمز میں بھرتی کیا گیا تھا۔ تاہم اب اْنہیں باضابطہ طور پر فوج میں شامل ہونے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔