نیویارک : ہارورڈ یونیورسٹی میں سعودی سکالرشپ کی طالبہ ملاک الھدلق نے اپنی تحقیق کے عوض امریکن اورل میڈیسن اسوسی ایشن کی جانب سے پیش کردہ لیسٹر برکٹ ایوارڈ جیت لیا۔ اپنی تحقیق کے ذریعہ ملاک منہ میں کینسر سے پہلے کی سفید تبدیلیوں کے علاج کے لیے ایک نئے طریقہ تک پہنچ گئی۔ انہوں نے اپنی تحقیق جارجیا کے شہر سوانا میں اسوسی ایشن کی سالانہ کانفرنس میں پیش کی۔ملاک الھدلق نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کے ساتھ اپنے انٹرویو میں کہا کہ میں نے کنگ سعود یونیورسٹی کے شعبہ دندان سازی سے گریجویشن کیا اور میرا ٹیچنگ اسسٹنٹ کے طور پر اسپیشلائزیشن کا تقرر کیا گیا۔ اسی لیے میں نے امریکہ اور کینیڈا میں پروگراموں کے لیے درخواست دی اور مجھے ہارورڈ کے پروگرام میں قبول کرلیا گیا۔ مجھے ڈینٹل کالج اور آنکولوجی سنٹر کلینک میں تربیت دی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ اس تربیت نے میری توجہ اس طرف مبذول کرائی کہ منہ کے کینسر میں مبتلا مریض اور منہ میں کینسر سے پہلے کی تبدیلیوں میں تعلق پر تحقیق کی جائے۔ منہ میں ہونے والی سفید تبدیلیوں میں سے 90 فیصد منہ کے کینسر تک پہنچ جاتی ہیں۔