ریاض ؍ دوحہ ؍ قاہرہ ۔ 10 نومبر (ایجنسیز) جی سیون کے وزرائے خارجہ کا ایک اہم اجلاس پیرس میں منعقد ہوا جس میں سعودی عرب، قطر اور مصر نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد علاقائی سلامتی اور ایرانی فائل پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ منگل کے روز العربیہ/ الحدث کے نامہ نگار نے رپورٹ دی کہ اس ملاقات کا مقصد مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال، ایرانی بحران اور خطے نیز دنیا پر اس کے اثرات و انعکاسات پر تفصیلی بحث کرنا ہے۔انہوں نے اشارہ کیا کہ ان بات چیت میں آبی گزرگاہوں کی سلامتی، آبنائے ہرمز کے ذریعہ توانائی کی ترسیل کے امن کو یقینی بنانے اور باب المندب کی سلامتی کے امور شامل ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ یہ اجلاس جنگ کی تازہ ترین پیش رفت، ایرانی فریق کے ساتھ جاری مذاکرات، نیز سوریا، لبنان اور غزہ کے حالات کو بھی زیرِ بحث لائے گا۔ایک طرف ایران اور دوسری طرف امریکہ نیز اسرائیل کے درمیان جنگ کے چھڑنے کے بعد سے، آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی کو درپیش ایرانی دھمکیوں نے بحری نقل و حرکت کو بڑے پیمانے پر مفلوج کر دیا ہے، جس کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں شدید اضافہ ہوا ہے۔دوسری جانب قطر نے امریکی اور ایرانی فریقین کے درمیان نقطہ ہائے نظر کو قریب لانے کی اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ اسی سلسلے میں قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن نے کل وائٹ ہاؤس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کشیدگی میں کمی پر بات چیت کیلئے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور ان کے نائب جے ڈی وینس سے ملاقات کیے۔بعد ازاں ٹرمپ نے اعلان کیا کہ انہوں نے سعودی عرب، قطر، بحرین اور کویت کے ساتھ ایرانی فائل پر بات چیت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کو جلدی ختم کرنے کا امکان موجود ہے۔اس کے مقابل ایرانی اہلکاروں نے دہرایا ہے کہ وہ مذاکرات اور آبنائے ہرمز کو کھولنے کیلئے اپنے ملک کی سات شرائط پر قائم ہیں، جس کے ذریعہ جنگ سے قبل عالمی سطح پر تیل اور گیس کی کل ترسیل کا پانچواں حصہ گزرتا تھا۔