سعودی عرب:عازمین حج کیلئے24 گھنٹےمفت ہیلپ لائن کا آغاز

   

مکہ مکرمہ، 30 مئی (یو این آئی) سعودی عرب میں وزارت اسلامی امور کی جانب سے عازمینِ حج کے استفسارات کا جواب دینے اور انھیں مذہبی رہنمائی فراہم کرنے کیلئے مفت ہیلپ لائن کا آغاز کردیا گیا ہے ۔وزارت اسلامی امور کی جانب سے قائم کی گئی اس ٹول فری ہیلپ لائن کا نمبر (800 2451000) ہے اور یہ سروس، عازمینِ حج کیلئے ہفتے کے ساتوں دن اور 24گھنٹے فعال رہے گی۔ یہ سرویس دس زبانوں میں رہنمائی فراہم کرے گی جن میں عربی، اردو، انگریزی، فرانسیسی، ترکی، بنگلہ، ہاؤسا، انڈونیشائی، امراہک (حبشہ کی زبان) اور ہندی زبان شامل ہیں۔عازمینِ حج کیلئے مفت ہیلپ لائن، وزارت کے ان انیشی ایٹیوز میں سے ایک ہے جن کا مقصد حج کے ارکان کی ادائیگی کیلئے اسلامی اصولوں کے مطابق سہولت پیدا کرنا ہے ۔اس سے قبل سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ کی جانب سے مسجد الحرام میں عازمین کے لئے بڑی برقی گاڑیوں کی سہولت کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے ۔مسجد الحرام میں یہ سہولت بزرگ اور معذور افراد کے علاوہ تمام عازمین کے مناسک کی ادائیگی کو آسان بنانے کیلئے ہے ۔رپورٹس کے مطابق برقی گاڑیوں کی سہولت یکساں نقل و حمل پلیٹ فارم کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہے ، جہاں طواف اور سعی کیلئے برقی گاڑی 100 ریال میں دستیاب ہے جبکہ معذور افراد کیلئے یہ خدمت مفت فراہم کی جاتی ہے ۔