سعودی عرب:یمن کیلئے 368ملین ڈالر امداد

   

جدہ ،21ستمبر(یو این آئی )سعودی عرب نے یمن کے اقتصادی بحران میں کمی کے لئے یمن صدارتی قیادت کونسل کے چیئرمین رشاد العلیمی کی زیرِ قیادت حکومت کو تقریباً 368 ملین ڈالر کی اقتصادی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔سعودی وزارت خارجہ نے بروز ہفتہ جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ یمن تعمیر و ترقی پروگرام کے تحت تقریباً 368 ملین ڈالر،بطور نئی اقتصادی ترقیاتی امداد کے ، مختص کیے جائیں گے ۔ وزارت نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایات اور ولی عہد محمد بن سلمان کی سفارش پر کیا گیا ہے ۔فیصلے کی وجہ یمن کی بگڑتی ہوئی اقتصادی صورتحال ہے ۔ بیان کے مطابق یہ امداد رشاد العلیمی کی درخواست پر دی جا رہی ہے اور سعودی عرب کی جانب سے یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت کا حصہ ہے ۔