سعودی عرب۔ قطر رابطہ کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس

   

ریاض: سعودی عرب اور قطر کی رابطہ کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس دارالحکومت ریاض میں کل اتوار کے روز ہوا۔اجلاس کی مشترکہ طور پر صدارت سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ اور قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ الشیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی نے کی۔اس موقعہ پر وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اجلاس دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے دونوں برادر ممالک کی قیادت اور عوام کی امنگوں کو پورا کرنے اور تعلقات کو وسیع تر افق کی طرف لے جانے کی خواہشات کی عکاسی کرتا ہے۔ دونوں ممالک رابطہ کونسل کو ایک ایسے پلیٹ فارم کے طور پر دیکھتے ہیں جو تمام شعبوں میں کام کرنے اور برادرانہ تعلقات کو اس طرح مستحکم کرنے کے لیے کام کرتا ہے جس سے سعودی عرب اور ریاست قطر 2030 کے ویژن کے اہداف کے حصول میں مدد گار ہو۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قطری وزیر اعظم اور مملکت قطرکے وزیر خارجہ الشیخ عبدالرحمٰن آل ثانی نے کونسل کی جانب سے اقدامات کی فہرست کو اپ ڈیٹ کرنے، نئے اقدامات کی تخلیق اور اختراعات میں کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ ملاقات دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عمل میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔