الریاض:سعودی عرب نے بیرون ملک پھنسے ہوئے تارکینِ وطن کے اقاموں کی تجدید ،خروج اور دوبارہ داخلہ کے لیے ویزوں کی میعاد میں خودکار طریقے سے 31 اگست2021ء تک بلا فیس توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔سعودی عرب کے مطابق جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس (جوازات) نے خودکار طریقے سے پہلے ویزوں کی تجدید کا عمل شروع کردیا ہے اور اس کی ویزا حاملین سے کوئی اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایات کی روشنی میں صرف نوممالک سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن اور غیرملکیوں کے ویزوں میں توسیع کی جارہی ہے۔ان ممالک میں کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد وہاں سے آنے والے مسافروں پر سعودی عرب میں داخلے پر پابندی عاید ہے۔سعودی عرب کے وزیرخزانہ نے اس ضمن میں الگ سے بھی حکم نامہ جاری کردیا ہے۔بیرون ملک پھنسے تارکین وطن کے ویزوں کی میعاد میں توسیع کا فیصلہ سعودی شہریوں اورمکینوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کے حصے کے طور پر کیا گیا ہے اور اس کا ایک بڑا مقصد کروناوائرس کی وبا کے تارکین وطن پر مرتب ہونے والے منفی معاشی اثرات کو کم کرنا ہے۔جوازات نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ قومی اطلاعاتی مرکز کے ساتھ رابط کے ذریعے ویزوں کی میعاد میں توسیع خودکار طریقے سے کی جارہی ہے اور متعلقہ فرد کو پاسپورٹس کے کسی دفتر میں جانے کی ضرورت نہیں ہے۔قبل ازیں سعودی عرب نے گذشتہ ماہ پاکستان سمیت صرف 20 ممالک سے تعلق رکھنے والے تارکینِ وطن کے اقامتی ویزوں میں 31 جولائی تک توسیع کردی تھی۔سعودی عرب نے کووِڈ-19 کی وباسے متاثرہ ان ممالک کی فہرست کا 2فروری کو اعلان کیا تھا اوران سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے مملکت میں داخلے پر پابندی عاید کردی تھی۔