سعودی عرب اور امارات پر حوثیوں کے حملے سنگین جارحیت : امریکہ

   

واشنگٹن : امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کا کہنا ہے کہ صدر جو بائیڈن حوثی ملیشیا کو دوبارہ سے دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کا جائزہ لے رہے ہیں۔پیر کے روز ایک پریس کانفرنس میں پرائس نے باور کرایا کہ امارات اور سعودی عرب حوثی باغیوں کے حملے سنگین جارحیت ہے۔امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق اْن کا ملک ایران کی جانب سے حوثیوں کے لیے پیش کی جانے والی سپورٹ کے حجم کی جان کاری رکھتا ہے۔اس سے قبل واشنگٹن میں امارات کے سفیر یوسف العتیبہ نے ایک بار پر امریکہ پر زور دیا کہ وہ حوثی ملیشیا کو دوبارہ سے “غیر ملکی دہشت گرد تنظیم” کا درجہ دے۔پیر کے روز امریکہ میں اماراتی سفارت خانے کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر العتیبہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور امریکہ کے قریبی تعاون سے آج صبح حوثیوں کے دہشت گردی کے ایک اور حملے کو روکنے میں مدد ملی ہے۔اماراتی سفیر نے اپنے ملک کی جانب سے امریکہ سے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ ایران کے حمایت یافتہ یمنی حوثیوں کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا جائے۔