سعودی عرب اور برازیل باہمی تعلقات مضبوط بنانے پرمتفق

   

Ferty9 Clinic

ریاض ۔ 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے برازیل کے صدر جیئر بولسونارو سے ملاقات کی ہے۔ سعودی عرب اور برازیل کی جانب سے چہارشنبہ کے روز جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں فریقین نے دونوں دوست ممالک کے درمیان دفاعی تعاون مضبوط بنانے پر زور دیا اور ساتھ ہی تربیت کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق رائے کیا۔ فریقین نے باور کرایا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف سطحوں پر دوروں کا تبادلہ باہمی خصوصی تعلقات کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔سعودی عرب اور برازیل نے دونوں ملکوں میں سرکاری ذمہ داران اور خانگی سیکٹر کے درمیان رابطوں اور تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس کا مقصد دو طرفہ تعلقات کے دائرہ کار کو گہرا اور وسیع بنانا اور متبادل سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔فریقین نے تعاون اور سرمایہ کاری کے واسطے مشترکہ اہمیت کے کئی شعبوں کا تعین کیا۔ ان میں زراعت، صنعت، توانائی، کان کنی، انفرا اسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور سائنس و ٹکنالوجی شامل ہے۔