ریاض ؍ صنعاء : ایک سعودی اومانی وفد ممکنہ طور پر اگلے ہفتہ یمن کے دارالحکومت صنعا کا دورہ کرے گا تاکہ حوثی حکام کے ساتھ مستقل فائر بندی کا معاہدہ کیا جاسکے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اگر فریقین میں معاہدہ ہوگیا تو عیدالفطر سے قبل اس کا اعلان کر دیا جائے گا۔ سعودی حکام کی طرف سے صنعا کا ممکنہ دورہ اومان کی ثالثی میں ہونے والے سعودی عرب اور حوثی باغیوں کے مذاکرات کی پیشرفت کا نتیجہ ہے۔ اس سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات بحالی کے بعد علاقائی تنازعات کم ہو رہے ہیں۔ یاد رہے کہ 2014 میں حوثی باغیوں نے یمن کی حکومت کا دھڑن تختہ کر دیا تھا۔ سعودی عرب اور حوثی باغیوں کے درمیان یمن کی تمام بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں کو کھولنے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی، سیاسی طور پر حکومت کی منتقلی پر مذاکرات جاری ہیں۔ سعودی عرب نے پچھلے سال موسم گرما میں حوثیوں کے ساتھ براہ راست بات چیت شروع کی تھی۔