ریاض : /27 مئی (ایجنسیز) سعودی عرب کی سپریم کورٹ کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں سے ذی الحج کا چاند نظر آنے کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئیں، جس کی بنیاد پر اعلان کیا گیا کہ ذی الحج کا آغاز 28 مئی بروز بدھ سے ہوگا۔ اس حساب سے وقوفِ عرفہ 5 جون جمعرات کو ہوگا، جبکہ عید الاضحیٰ 6 جون بروز جمعہ منائی جائے گی۔متحدہ عرب امارات، عمان، بحرین اور قطر جیسے دیگر عرب ممالک میں بھی چاند دیکھنے کی شہادتیں موصول ہوئیں، لہٰذا ان ممالک میں بھی یہی ایام مقرر کیے گئے ہیں۔حرمین شریفین کے امور کے ذمہ دار شیخ عبدالرحمن السدیس نے مکہ مکرمہ میں حج کے دوران شدید گرمی کے پیش نظر حرمین کے آئمہ کو جمعہ کے خطبات اور نمازوں کو مختصر کرنے کی ہدایت دی ہے ۔