حج 2026ء کی تیاریوں کا جائزہ، مرکزی وزیر کرن رجیجو کا سعودی حکام سے تبادلہ خیال
ریاض ۔ 9 نومبر (ایجنسیز) سعودی عرب اور ہندوستان کے درمیان باہمی حج معاہدہ پر دستخط کئے گئے۔ اقلیتی امور اور پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر کرن رجیجو 7 نومبر سے 9 نومبر تک سعودی عرب کا سرکاری دورہ کیا۔ کرن رجیجو کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی تھا، جس میں اسیم آر مہاجن، ایڈیشنل سکریٹری (خلیج) اور رام سنگھ، جوائنٹ سکریٹری (حج)، وزارت اقلیتی امور شامل تھے۔ یہ دورہ سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ کی دعوت پر کیا گیا۔ 9 نومبر 2025 کو مرکزی وزیر کرن رجیجو نے سعودی عرب کے وزیر حج اور عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ کے ساتھ دو طرفہ اجلاس منعقد کیا جس میں 2026ء کی تیاریوں اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران دونوں وزراء نے ہم آہنگی اور لاجسٹک تعاون کو بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا اور ہندوستانی عازمین حج کیلئے حج کے عمل کو مزید آسان بنانے کیلئے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا اور نقل و حمل، رہائش اور صحت کی خدمات کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی تاکہ آسان اور آرام دہ سفرحج کو یقینی بنایا جاسکے۔ ہندوستان کیلئے حج کوٹہ 1,75,025 کی تصدیق کی گئی تھی۔ انھوں نے عازمین حج کی بہبود اور آرام کو یقینی بنانے کیلئے سعودی حکام کے ساتھ قریبی تال میل میں مشن اور قونصل خانے کی ٹیموں کی کوششوں کی ستائش کی۔ رجیجو نے جدہ اور طائف میں حج اور عمرہ سے متعلق اہم مقامات کا دورہ بھی کیا، جن میں ٹرمینل 1 اور جدہ میں حرمین اسٹیشن شامل ہیں تاکہ عازمین حج کیلئے دستیاب بنیادی ڈھانچے اور سہولیات کے بارے میں براہ راست معلومات حاصل کی جا سکیں۔ انھوں نے جدہ اور طائف میں ہندوستانی تارکین وطن کے کچھ ارکان سے بھی بات چیت کی۔یہ دورہ ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان شراکت داری میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس دورہ سے دوستی، باہمی احترام اور اشتراک کے جذبے کو مزید تقویت ملے گی۔ عازمین حج کی بہبود اور دو طرفہ تعلقات کو وسیع تر مضبوط بنانے میں مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔