سعودی عرب حادثہ کے اہل خانہ سے کویتاکی ملاقات

   

نظام آباد :19؍ نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے سعودی عرب میں پیش آئے المناک سڑک حادثہ میں 45 حیدرآبادی معتمرین کے شہید ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ صرف متاثرہ خاندانوں کا نہیں بلکہ پورے تلنگانہ اور ملک کا اجتماعی درد ہے، جس نے ہر دل کو مغموم کر دیا ہے۔کویتا نے آج شہداء کے مکانات پہنچ کر ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان کے غم میں شریک ہوئیں۔ کویتا نے انہیں دلاسہ دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ جاگروتی اس مشکل وقت میں مکمل طور پر ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ ملاقات کے دوران شہداء کے اہل خانہ اشک بار تھے۔انہوں نے اپنے پیاروں کی یادیں تازہ کرتے ہوئے واقعات بیان کئے، جنہیں سن کر ماحول مزید غمزدہ ہو گیا۔کویتا نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ اس سانحہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ کے لئے اعلان کردہ پانچ لاکھ روپئے ایکس گریشیا میں اضافہ کیا جائے تاکہ ان خاندانوں کی عملی مدد ہو سکے۔