ریاض۔3 اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام )سعودی عرب میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اضافی اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کے ایک ذمہ دار نے جمعے کے روز بتایا کہ دمام شہر اور قطیف اور طائف کے ضلعوں میں کرفیو کے آغاز کا وقت بڑھا کر آج سہ پہر تین بجے کر دیا گیا ہے۔ کرفیو کا دورانیہ تاحکم ثانی جاری رہے گا۔ عہدیدارے کے مطابق سابقہ اعلان کردہ شعبے اور سرگرمیاں متعلقہ حکام کی جانب سے متعین کردہ صورتحال کے تحت کرفیو کی پابندی سے مستثنی ہوں گی۔سعودی وزارت داخلہ نے مذکورہ شہروں اور ضلعوں کی آبادی کو باور کرایا ہے کہ یہ اقدام صحت عامہ کے حفظان کیلئے احتیاطی اور ضروری اقدامات میں سے ہے لہذا تمام لوگ مفاد عامہ کو یقینی بنانے کیلئے سماجی تنہائی سے متعلق تدابیر پر کاربند رہیں۔اس سے قبل وزارت داخلہ نے جمعرات کے روز مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے تمام علاقوں میں روزانہ 24 گھنٹے کے کرفیو کا اعلان کیا تھا۔ یہ فیصلہ تا حکم ثانی نافذ العمل رہے گا۔ اسی طرح دونوں شہروں کے رہائشی علاقوں میں ہر قسم کی تجارتی سرگرمی اور کام کو ممنوع قرار دیا گیا ہے۔