سعودی عرب: سفری پابندیوں میں 17 مئی تک توسیع

   

ریاض : سعوی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ’کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافے کے پیش نظر ایئرپورٹس، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں سے آمد و رفت کے حوالے سے مکمل سفری پابندیوں کے خاتمے کی تاریخ میں توسیع کی گئی ہے‘۔’ اب 31 مارچ کے بجائے 17 مئی 2021 سے سفری پابندیاں ختم کی جائیں گی‘۔سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ نے جمعے کو بیان میں کہا کہ ’سعودی شہریوں کے مملکت سے جانے اور واپس آنے نیز ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں سے آمد ورفت کا شیڈول تبدیل کردیا گیا ہے‘۔’اب سفری پابندیاں پیر 17 مئی 2021 سے مکمل ختم کی جائیں گی۔ اس سے قبل اعلان کیا گیا تھا کہ 31 مارچ 2021 سے سفری پابندیاں ختم کردی جائیں گی‘۔ اخبار 24 کے مطابق وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ’ کووڈ 19 کورونا ویکسین تیار کرنے والی کمپنیوں نے مقررہ نظام الاوقات کے مطابق ویکسین حوالے نہیں کی ہے‘۔ الربیعہ کا کہنا تھا ’سارے ملکوں میں کورونا وبا کی دوسری لہر آئی ہوئی ہے۔ سعودی حکومت سفری پابندیاں ختم کرنے سے قبل ملک میں وائرس سے بچاؤ کا محفوظ ماحول بن جانے کے حوالے سے مطمئن تھی۔