سعودی عرب سمیت دنیا کے کئی ممالک میں عیدالفطر جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی

   

ریاض، 20 مارچ (یو این آئی) سعودی عرب سمیت مشرق وسطیٰ اور دیگر کئی ممالک میں آج عیدالفطر کا تہوار مذہبی اور روایتی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے ۔ سعودی عرب میں نماز عید کے سب سے بڑے اجتماعات مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں ہوئے ، جہاں لاکھوں فرزندان اسلام نے نماز عید ادا کی۔ اس موقع پر امت مسلمہ کیلئے امن، عالمی امن واستحکام کی دعائیں کی گئیں۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دی ہے ۔ شاہ سلمان نے اپنے پیغام عید میں عالمی امن و استحکام کیلیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ اس کے علاوہ فلسطین، ترکیہ، لبنان، یمن، عمان، قطر اور عراق میں بھی آج عید منائی جا رہی ہے ۔ آسٹریلیا میں بھی آج عید ہے ۔ آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیسی سڈنی کی مسجد گئے ، جہاں انہوں نے مسلمانوں کے تہوار میں شریک ہوکر انہیں مبارکباد دی۔ اس موقع پر مسجد میں نماز عید کیلئے موجود کچھ لوگوں نے انتھونی البانیسی سے غزہ پر اسرائیل کا ساتھ دینے پر سوالوں کی بوچھاڑ کر دی۔ اس کے علاوہ امریکہ، سنگاپور میں بھی آج مسلم برادری عیدالفطر کا تہوار منا رہی ہے ۔برطانیہ میں حسب روایت مسلم برادری کا ایک طبقہ آج جب کہ دوسرا طبقہ کل عید منائے گا۔

محمد بن سلمان نے حرم مکہ میں نماز عید الفطر ادا کی
ریاض۔ 20 مارچ (کے این واصف)سعودی ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مسجدالحرام میں عید الفطر کی نماز ادا کی۔ نماز عید کے اجتماع میں اعلٰی حکام اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔درین اثناء سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے بتایا کہ رواں برس رمضان المبارک میں بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کی تعداد 1.68 ملین رہی ہے۔سعودی خبر رساں ایجنسی ‘‘ایس پی اے’’ کے مطابق وزارت کی جانب سے جاری اعداد وشمار میں بتایاگیا کہ مسجد نبوی میں ریاض الجنہ کیلئے 11 لاکھ زائرین نے پرمٹ لیے، جن کا تعلق 155 ملکوں سے تھا۔

خادمِ حرمین شریفین کا امت مسلمہ کیلئے امن و استحکام کا پیغام
ریاض، 20 مارچ (یو این آئی) خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عیدالفطر کے موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارک باد دی ہے ۔ خادم حرمین شریفین کے متعدد شاہی فرمان جاری، کئی نئی تقرریاں و سبکدوشیاں شاہ سلمان نے عالمی امن اور استحکام کیلئے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے امتِ مسلمہ کیلئے امن، سلامتی اور استحکام کی دعا بھی کی۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران لاکھوں مسلمانوں نے اطمینان کے ساتھ عمرہ ادا کیا ہے ۔