سعودی عرب شام میں سرمایہ کاری لانے کی’کلید‘ : احمدالشرع

   

ریاض : 30اکٹوبر ( ایجنسیز ) شام کے صدر احمد الشرع نے سعودی عرب کی شام میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے دنیا بھر سے دعوت دیے جانے کو سراہا اور کہا شام میں سرمایہ کاری لانیکیلئے سعودی عرب ایک کلید کا کردار ادا کر رہا ہے۔ بشارالاسد رجیم کے زمانے سے بین الاقوامی تنہائی میں پڑا شام بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے محروم ہو گیا تھا۔انہوں نے سعودی میزبانی میں منعقدہ ‘فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کانفرنس’ سے خطاب کرتے ہوئے کہا جب 8ڈسمبر کو بشار الاسد کی حکومت کے بعد ہم نے حکومت سنبھالی تو پہلا غیر ملکی دورہ سعودی عرب کا ہی کیا کہ ہمیں اندازہ تھا کہ کلید یہی ہے۔صدر احمد الشرع کے اس خطاب کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی کانفرنس میں موجود تھے۔ الشرع نے کہا کہ سعودی عرب خوشحالی، استحکام اور وسیع ترقی کی طرف گامزن ایک اہم مملکت ہے۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان طویل عرصے سے خطے کو اپنے مختلف تجربے سے روشناس کرا رہے ہیں۔ان کا ویژن 2030 نہ صرف سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی کو پائیداری کی منزلوں کی طرف لے کے چل رہا ہے۔ بلکہ سعودی اثرات علاقے اور پوری دنیا میں محسوس کیے جانے لگے ہیں۔ اپنی سرحدوں سے باہر بھی سعودی عرب ہر جگہ ایک مؤثر کھلاڑی کے طور پر جانا مانا جاتا ہے۔شامی صدر نے کہا سعودی ویژن اب ہر طرف بروئے کار ہے۔ سرمایہ کاری کے حوالے سے اس بڑی بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کر کے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو ایک اہم موقع فراہم کیا ہے۔ ہمیں دعوت دی گئی اور ہم یہاں چلے آئے۔ بلکہ اس انتظام کا حصہ بننے کے لیے پہنچ گئے۔ انہوں نے کہا شام جسے بشارالاسد رجیم نے جنگی تباہی کا مرکز بنانے کے علاوہ بین الاقوامی برادری سے کاٹ دیا تھا اس کے جانے کے بعد اب تک شام میں 28 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آچکی ہے۔