ریاض : سعودی عرب کے فرمان روا شاہ سلمان نے پبلک سیکیورٹی کے ڈائریکٹر خالد بن قرار الحربی کو برطرف کرتے ہوئے ان کے خلاف کرپشن کے الزامات کی تفتیش کے احکامات جاری کردیے۔اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق سعودی پریس ایجنسی نے شاہی فرمان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ‘خالد الحربی کی خدمات ریٹائرمنٹ کا حوالہ دیتے ہوئے ختم کردی گئی ہیں اور معاملے کی تفتیش کا کہا گیا ہے’۔بیان میں کہا گیا کہ پبلک سیکیورٹی سربراہ کے ساتھ ساتھ 18 دیگر عہدیداروں پر قومی خزانے سے غبن کا الزام ہے، جن میں نجی اور سرکاری دونوں شعبوں سے عہدیدار شامل ہیں۔مقامی میڈیا کے مطابق خالد الحربی دسمبر 2018 سے مملکت کے پبلک سیکیورٹی ڈائریکٹر ہیں اور اس سے قبل وہ اسپیشل ایمرجنسی فورس کے کمانڈر رہے تھے۔سعودی عرب کی حکومت نے تازہ اعلان میں کہا تھا کہ غبن کے درجنوں کیسز بے نقاب کیے گئے ہیں اور ان میں سے ایک قومی سیکیورٹی عہدیدار ہیں اور حالیہ مہینوں میں سامنے آنے والے ان کیسز کی مالیت 29 کروڑ ریال (7کروڑ 73 لاکھ ڈالر) ہے۔