دبئی: سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے مارچ 2021 کے مہینے میں مسافروں کی فضائی نقل وحمل اور ہوائی اڈوں پر شکایات کی روشنی میں ایئر لائنز کی خدمات کا درجہ بندی انڈیکس جاری کیا ہے۔ انڈیکس کے مطابق مارچ 2021ء کے دوران ایک لاکھ مسافروں میں سے اوسطا 47 مسافروں نے فضائی سروسز سے متعلق شکایات درج کرائیں۔ اس حوالے سے سعودی عرب قومی فضائی کمپنی کے خلاف سامنے آنے والی شکایات ایک لاکھ میں صرف تین ہیں جوکہ سب سے کم ہیں۔.مارچ میں سعودی ایئر لائنز کی کے خلاف درج کرائی گئی شکایات میں سے 79 فی صد پر کارروائی کی گئی۔کم خرچ ’’ناس‘‘ ایئر لائنز شکایات کے حوالے سے دوسرے نمبر پرآئی ہے جس کے خلاف مارچ کے مہینے میں ایک لاکھ میں 10 مسافروں کی شکایات آئیں۔ ان میں سے 91 فی صد ازالہ کر دیا گیا۔
’’فلائی دبئی‘‘ شکایات کے حوالے سے تیسرے نمبر پر رہی جس کے خلاف 34 شکایات آئیں اور ان میں سے 75 فی صد کو حل کر دیا گیا۔ سب سے زیادہ شکایات ٹکٹوں کی قیمت میں اضافے اور پروازوں کی منسوخی یا ان کی تاخیر سے متعلق تھیں۔