ریاض : سعودی عرب نے ایک سال قبل ریفارمس شروع کئے جن سے تاحال 65 ہزار بیرونی ملازمین کو فائدہ ہوا ہے۔ سلطنت کی وزارت انسانی وسائل اور سماجی ترقی نے یہ بات کہی۔ نیوز ایجنسی ژنہوا کو موصولہ وزارت کے بیان کے مطابق وزارت نے مارچ 2021 ء میں کنٹراکٹ سے متعلق ضابطوں میں بہتری کی مہم شروع کی۔ اس کے ذریعہ خانگی شعبہ میں برسرکار بیرونی ورکرس کا احاطہ کیا گیا۔ ملازمین اور آجرین دونوں کے حقوق کا تحفظ کرنے میں اہم رول ادا کیا گیا۔ وزارت نے بتایا کہ زائد از 30 ہزار انٹرپرائزس یعنی کاروباری اداروں کو اس مہم سے فائدہ پہنچا ہے جن کا مقصد جاب کی آسانی کو یقینی بنانا ہے۔ نئے لیبر لا نے بیرونی ورکرس کو اپنی ملازمت کا کنٹراکٹ ختم ہوجانے پر اپنا جاب آزادانہ طور پر چھوڑنے کی اجازت دی ہے۔ انہیں جابس تبدیل کرنے کی بھی اجازت ہے، بھلے ہی ان کے کنٹراکٹس ختم ہوئے ہوں یا نہیں،تاوقتیکہ وہ سعودی عرب میں ایک سال گزارچکے اور اپنے آجرین کو 90 روزہ پیشکی اطلاع دے چکے ہوں۔
