سعودی عرب ‘ مساجد کی فنڈنگ نہیں کی جائیگی

   

ریاض ۔ یکم فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق سعودی وزیر انصاف محمد بن عبدالکریم عیسی نے اعلان کیا کہ ان کا ملک اب بیرونی ممالک میں مساجد کیلئے فنڈز فراہم نہیں کرے گا ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ جنیوا کی مسجد سوئیز انتظامی کونسل کو سونپ دی جائے جو وہاں مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مسجد کے ذمہ داروں کا انتخاب ہونا چاہئے ۔ سعودی عرب کی جانب سے ہر مسجد کیلئے ایک مقامی انتظامی کونسل تشکیل دی جا رہی ہے اور اس کیلئے مقامی حکام سے تعاون کیا جا رہا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ مساجد کو محفوظ ہاتھوں میں سونپنے کیلئے ایسا کیا جا رہا ہے ۔ تیل کی دریافت کے بعد سعودی عرب نے دنیا بھر میں اپنے نظریہ اور عقیدہ کے فروغ کیلئے مساجد کو فنڈز فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کیا تھا ۔ کہا جاتا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے سالانہ 2 بلین ڈالرس کی رقم اپنے نظریہ کے فروغ کیلئے استعمال کی جاتی ہے ۔ سعودی عرب کی جانب سے کئی ممالک میں مساجد کیلئے فنڈز فراہم کئے جاتے ہیں جن میں ہندوستان بھی شامل ہے ۔