سعودی عرب میں المناک سڑک حادثہ

   

شہر سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق
حیدرآباد ۔ یکم جولائی (سیاست نیوز) سعودی عرب میں المناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں شہر سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے 3 افراد جابحق ہوگئے۔ تفصیلات کے بموجب یہ حادثہ جدہ میں اُس وقت پیش آیا جب 70 سالہ سید زین العابدین، اُن کی اہلیہ 51 سالہ عطیہ بانو اور اُن کے بیٹے سید مرتضیٰ مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ بذریعہ کار جارہے تھے کہ اچانک کار کے سامنے اونٹ آنے کے نتیجہ میں کار اُلٹ گئی۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ افراد عمرہ کیلئے گئے تھے اور اُن کا تعلق حیدرآباد کے علاقہ مشیرآباد سے ہے۔ عطیہ بانو کے بھائی سید علی مجتہد نے بتایا کہ سید زین العابدین گزشتہ 40 سال سے سعودی عرب میں ملازمت کررہے تھے۔ اُنھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہلوکین کی نعشیں کو حیدرآباد منتقل کرنے کا انتظام کریں۔ اِس ضمن میں مجلس بچاؤ تحریک کے ترجمان مسٹر امجداللہ خان خالد نے قونصل جنرل سعودی عرب برائے ہندوستان سے اپیل کی ہے کہ مہلوکین کے افراد خاندان کی مؤثر مدد کی جائے اور نعشوں کی منتقلی کے لئے کارروائی کرے۔ بتایا جاتا ہے کہ اِس حادثہ میں سید زین العابدین کے چھوٹے فرزند بھی شدید زخمی ہوگئے ہیں اور وہ دواخانہ میں زیرعلاج ہیں۔