سعودی عرب میں ایک ہی دن میں 1,122نئے کیسس، جملہ 10,484کیسیس

,

   

سعودی عرب میں کرونا وائرس کا شکار ہونے والے مریضوں کی تعداد 10 ہزار اور اموات ایک سو سے زیادہ ہو گئی ہیں۔

سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے سوموار کے روز گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا کے 1122 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے جس کے بعد اس مہلک وائرس کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد 10484 ہوگئی ہے۔

وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمدالعبد العالی نے بتایا ہے کہ اس کرونا وائرس میں مبتلا مزید چھے افراد دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد وفات پانے والوں کی تعداد 103 ہوگئی ہے۔

انھوں نے مزید بتایا ہے کہ یہ تمام متوفیٰ غیر سعودی ہیں۔ ان میں پانچ مکہ مکرمہ میں مقیم تھے اور ایک جدہ میں رہ رہا تھا۔ان کی عمریں 23 سے 70 سال کے درمیان تھیں اور ان میں زیادہ تر پہلے ہی دائمی بیماریوں میں مبتلا تھے۔

وزارت صحت گذشتہ ہفتے تک سعودی عرب میں کرونا وائرس کے روزانہ قریباً پانچ سو کیسوں کی اطلاع دے رہے تھی لیکن ہفتے سے ایک دن میں اس مہلک وَبا کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد دُگنا ہوگئی ہے اورایک ہزار سے زیادہ کیس یومیہ رپورٹ ہورہے ہیں۔

سعودی وزیر صحت توفیق الربیعہ کا کہنا ہے کہ اب مملکت بھر میں کرونا وائرس کے ٹیسٹ کا عمل تیز کردیا گیا ہے اور 79 فی صد نئے کیسوں کی تشخیص فیلڈ ٹیسٹنگ مہم کے دوران میں کی گئی ہے۔اس عوامی رابطہ مہم کے دوران میں طبی ٹیمیں گنجان آباد علاقوں میں لوگوں کے گھر گھر جا کر ٹیسٹ کررہی ہیں۔

طبی ٹیمیں بالخصوص مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی آبادیوں میں کرونا وائرس کی سکریننگ کررہی ہیں۔ٹیسٹوں کی صلاحیت میں اضافہ ایک پیشگی حفاظتی اقدام ہے۔اس سے متاثرہ افراد کی بالکل ابتدا ہی میں تشخیص میں مدد مل سکتی ہے اور یوں انھیں الگ تھلگ کرکے ان کےعلاج کا عمل شروع کردیا جاتا ہے۔