سعودی عرب میں بدعنوانیوں سے متعلق تحقیقات اختتام پذیر

   

ریاض ۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب نے اعلیٰ سطحی انسداد بدعنوانی تحقیقات کے اختتام کا اعلان کیا ہے جس کی وجہ سے ملک کے خزانے کو زائد از 100 بلین ڈالرس کا خسارہ برداشت کرنا پڑا اور درجنوں افراد کی گرفتاری بھی عمل میں آئی۔ 2017ء میں بدعنوانیوں کے خلاف کارروائی کا آغاز ہوا تھا جس میں سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے رٹز کارلٹن ہوٹل میں سینکڑوں شہزادوں، وزراء اور تاجرین کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ ان میں سے متعدد ایسے تھے جنہیں اس لکژری ہوٹل میں کئی ہفتوں تک محروس رکھا گیا تھا تاہم مالی ضابطوں اور معاہدوں کی تکمیل کے بعد انہیں رہا کردیا گیا تھا۔ بدعنوانیوں کی تحقیقات چہارشنبہ کو اختتام پذیر ہوئی جس کی منظوری شاہ سلمان نے دی۔ سعودی کی سرکاری پریس ایجنسی کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں یہ تفصیلات دی گئیں۔