ریاض۔13 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب میں ارامکو نے شمال مغربی علاقے میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر اور وسطی علاقے میں ایک تیل کے ذخائر دریافت کیے جانے کا اعلان کیا ہے۔سعودی ارامکو کے مطابق 2020 کی پہلی سہ ماہی کے دوران تیل اور گیس کی دو نئی فیلڈز دریافت ہوئی ہیں ، ان میں سے ایک فیلڈ گیس اور تیل کے ذخائر سے مالامال ہے جبکہ دوسری صرف تیل کا ذخیرہ ہے۔تفصیلات کے مطابق ارامکو نے کہا ہیکہ مملکت کے شمال مغرب میں ایک ذخیرہ دریافت ہوا ہے جہاں گیس اور تیل کے ذخائر بھرے ہوئے ہیں۔ وسطی علاقے میں آئل فیلڈ دریافت ہوئی ہے۔ارامکو نے کہا کہ 2019 کے دوران 2 آئل فیلڈز دریافت کی گئیں جبکہ تیل کے سات کنویں کامیابی سے تیار کرلیے گئے۔2019 کے دوران گیس کی تلاش کا بھی کام کیا گیا جس سے صحرا میں گیس فیلڈ دریافت ہوئی اور گیس کے پانچ بڑے ذخائر ریکارڈ پرآئے۔علاوہ ازیں گیس کے چھ کنویں کامیابی سے تیار کرلیے گئے۔یاد رہے کہ سعودی عرب کی سب سے بڑی تیل کی کمپنی ارامکو نے اپنی پہلی سہ ماہی میں 16.63 ارب ڈالر کمائے ہیں اور 13.4 ارب ڈالر شئیر ہولڈرز میں تقسیم کیے ہیں۔