سعودی عرب میں تین ماہ مزدوروں کے کھلی دھوپ میں کام کرنے پر پابندی

   

ریاض: سعودی عرب میں جمعرات سے شروع ہونے والے شدید گرمی کے موسم میں مزدوروں پر دن کے اڑھائی گھنٹے تک سورج کے نیچے کام کرنے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔سعودی عرب کی وزارت برائے انسانی وسائل اور سماجی ترقی کی جانب سے اپنی ویب سائٹ پر شیئر کیے گئے فیصلے کے مطابق 15 جون تا15 ستمبر کارکنوں پر دوپہر ساڑھے 12 سے لے کر سہ پہر 3 بجے تک کام کرنے پر پابندی ہے۔ یہ فیصلہ پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ کام کرنے والوں کی حفاظت اور صحت کے تحفظ کے فریم ورک کے تحت کیا گیا ہے۔وزارت نے کاروباری مالکان سے مطالبہ کیا کہ وہ کام کے اوقات میں اس انداز میں ترمیم کریں جو ان کے ملازمین کی حفاظت کو یقینی بنائے۔ وزارت نے یہ بھی کہا کہ فیصلے کی خلاف ورزیوں کی اطلاع یونیفائیڈ نمبر 19911 کے ذریعے یا وزارت کی موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے دی جا سکتی ہے۔