سعودی عرب میں خروج و عودہ پر جاکر واپس نہ آنے والوں پر تین سال کی پابندی ختم

   

ریاض: سعودی عرب نے خروج و عودہ (ایگزٹ ری انٹری ویزے) پر سفر کرنے والے ان کارکنان کی تین سال سے قبل واپسی پر عائد پابندی اٹھالی جو ویزے کی میعاد ختم ہونے پر واپس نہ آسکے ہوں۔ عکاظ کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے بتایاکہ ایئر پورٹس، بندرگاہوں اور بری سرحدی چیک پوسٹوں کے حکام کو تحریری طور پر اس کی اطلاع کردی گئی ہے۔ یاد رہے کہ اس قبل تک ورک ویزے پر آنے والے کسی بھی شخص پر جو خروج و عودہ ویزے پر مملکت سے باہر گیا اور ویزے کی میعاد ختم ہوجانے تک واپس نہیں آیا اسے تین برس سے قبل سعودی عرب آنے کی اجازت نہیں تھی۔پابندی اٹھانے کے فیصلے پر منگل 16 جنوری سے عمل درآمد شروع کردیا گیا۔ اس کی اطلاع فضائی کمپنیوں، بحری جہازوں اور بری سرحدی چیک ٹرانسپورٹ کے ذمہ داران کو بھی دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں سعودی محکمہ پاسپورٹ نے آفیشل ایکس اکاونٹ پر خروج و عودہ ویزے (ایگزٹ ری انٹری) پر مملکت سے سفر کرکے واپس نہ آسکنے والے تارکین کے اہم سوالات کے جواب دیے ہیں۔