مکہ مکرمہ5جون (یو این آئی)سعودی عرب میں وزارتِ صحت نے مکہ مکرمہ میں عازمین کی خدمت اور نگہداشت کے لیے فالج ‘اسٹروک’ کے علاج کی پہلی موبائل ایمبولینس متعارف کرائی ہے جو موقع پر فوری تشخیص اور علاج کی سہولت سے آراستہ ہے ۔سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ یونٹ مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں اپنی نوعیت کی پہلی موبائل اسٹروک ایمبولینس ہے جو مریض کے مقام پر ہی طبی ٹیکنالوجی اور کلینیکل مہارت کو پہنچاتی ہے ۔رپورٹس کے مطابق اس سے طبی ٹیم اسپتال منتقلی کے وقت کو بروئے کار لا کر فوری طبی امداد فراہم کر سکتی ہے جو شفا یابی اور زندگی بچانے کے امکانات کو بڑھا دیتی ہے ، طویل مدتی معذوری کے خطرے کو کم کرتی ہے ۔